'سلیکٹڈ حکومت ہو یا ماضی کی حکومتیں، خواندگی کا فروغ انکی ترجیحات میں شامل نہیں رہا'

Published On 08 September,2021 11:51 am

کراچی: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ موجودہ سلیکٹڈ حکومت ہو یا ماضی کی غیرجمہوری حکومتیں، خواندگی کا فروغ اُن کی ترجیحات میں شامل نہیں رہا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا عالمی یوم خواندگی پر پیغام دیتے ہوئے کہنا تھا کہ تعلیم ہر بچے کا حق ہے، پاکستان میں دو کروڑ سے زائد بچوں کا اسکول سے باہر ہونے پر شدید تشویش ہے، خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان کا تعلیم کے میدان میں صرف افغانستان سے آگے ہونا لمحہ فکریہ ہے، سلیکٹڈ حکومت کی توجہ کا محور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور اس کے تحت وسیلہ تعلیم پروگرام کا نام تبدیل کرنا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ کی عوامی حکومت نے اپنی بجٹ میں سب سے زیادہ فنڈز 277.5 ارب روپے محکمہ تعلیم و خواندگی کے لئے رکھے ہیں، ملک میں سب سے زیادہ اسکول اور یونیورسٹیوں کا قیام قائدِ عوام، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور مردِ حر کے ادوار میں ہوا، پی پی پی آئندہ الیکشن میں کامیاب ہو کر شرح خواندگی میں اضافے کے لئے اپنی کاوشوں کو ازسرِ نو بحال کرے گی۔
 

Advertisement