لاہور: زیر تعمیر انڈ ر پاس میں 2 مزدور مٹی کے نیچے دب گئے، ایک جاں بحق، دوسرا زخمی

Published On 10 October,2021 02:29 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں گلاب دیوی ہسپتال کے قریب زیر تعمیر انڈر پاس میں دو مزدور کھدائی کے دوران مٹی کے نیچے دب گئے۔ حادثے میں ایک مزدور جاں بحق اور دوسرے کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

گلاب دیوی ہسپتال کے قریب افسوسناک واقعہ زیر تعمیر انڈر پاس میں کھدائی دوران دو مزدور ملبے کے نیچے دب گئے۔ ریسکیو کے تاخیر پر پہنچنے پر موقع پر موجود دیگر مزدورں اور شہریوں نے ایک مزدور کو تشویشناک حالت میں مٹی کے نیچے سے نکال لیا، دوسرے کو امدادی ٹیموں نے مٹی کے نیچے سے نکالا تو وہ دم توڑ چکا تھا۔

زخمی ہونے والے مزدور گل میر کو تشویشناک حالت میں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جاں بحق ہونے والے 18 سالہ مزدور رفیع کی لاش کو مردہ خانہ منتقل کر دیا گیا۔ جیسے ہی لاش کو باہر نکالا گیا تو انتظامیہ نے گڑھے پر مٹی ڈال دی تاکہ انکی نااہلی چھپ سکے۔

عینی شاہد کا کہنا ہے کہ ہم نے اپنی مدد آپکے تحت ایک مزدور کو نکالا۔ یہ کنسٹرکشن کمپنی کی غفلت ہے، اسکی غفلت کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا ہے۔ گزشتہ 48 گھنٹوں میں انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے اب تک 4 مزدور جاں بحق اور ایک زخمی ہو چکا ہے۔ انتظامیہ کی طرف سے حفاظتی انتظامات نہ کرنے پر مزدوروں کی ہلاکت کے واقعات پیش آرہے ہیں۔
 

Advertisement