خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات پارٹی بنیادوں پر کرانے کا فیصلہ

Published On 04 November,2021 04:13 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات پارٹی بنیادوں پر کرانے کا فیصلہ کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ 19 دسمبر کو ہی ہو گی جس کے لیے الیکشن کمیشن نے انتخابات پارٹی بنیادوں پر کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ریٹرننگ افسران کو کاغذات نامزدگی پر پارٹی کا نام لکھوانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار اپنا پارٹی ٹکٹ انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ کے وقت یا ریٹرننگ افسر کے پاس جمع کروا سکتے ہیں۔ سیاسی پارٹیاں کونسل کی ہر کیٹیگری کی نشست پر طے امیدوار وں کو ہی ٹکٹ جاری کر سکتی ہیں۔ سیاسی جماعتوں کے سربراہان پارٹی ٹکٹ کے اجرا کیلئے ضلعی سطح پر ایک عہدیدارمقرر کریں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پارٹی سربراہان مقررہ کردہ عہدیداران کی لسٹ 15 نومبر تک صوبائی الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا کو بھجوائیں گے، صوبائی الیکشن کمشنر لسٹ تمام ریٹرننگ آفیسروں کو بھیجے گا تاکہ ریٹرننگ افسر قانون کے مطابق نشانات الاٹ کر سکیں۔ ویلج اور نیبر ہوڈ کونسلوں کی تمام کیٹیگری کے بیلٹ پیپروں پر تمام امیدواروں کے نام ونشانات پرنٹ کئے جائیں گے۔

Advertisement