پٹرول، ڈیزل کی قیمت میں 20 روپے اضافے سے تباہ کن اثرپڑے گا: احسن اقبال

Published On 25 November,2021 05:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ جب پٹرول، ڈیزل کی قیمت میں 20 روپیہ اضافہ ہوگا توتباہ کن اثرپڑے گا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پٹرول، ڈیزل کی قیمت میں ماہانہ کے حساب سے بڑھانے کے پابند ہوچکے ہیں، جب پٹرول، ڈیزل کی قیمت میں 20 روپیہ اضافہ ہوگا توتباہ کن اثرپڑے گا، آج ہم دیکھ رہے ہیں صرف آئی ایم ایف سے چار آنے کے لیے عوام کے مفاد کو داؤ پر لگانے کیلئے تیار ہے، اب ان کے پاس کوئی آپشن نہیں ہے۔ یہ ٹیکس بھی پورا نہیں اکٹھا کرسکے، پالیسی ریٹ چھ فیصد سے تیرہ فیصد بڑھایا جس سے قرضوں کا بوجھ بھی دگنا ہوگیا، آپ کوکس نے کہا تھا انٹریسٹ ریٹ کوڈبل کریں۔

انہوں نے کہا کہ شرح سود کو دگنا کرنا غلط فیصلہ تھا جس سے قرضے بڑھے، خسارہ بڑھتا گیا اوراس کوپورا کرنے کے لیے حکومت قرض لیتی رہی، اگرنالائقی کے پہاڑکونہ روکا گیا تو قومی سلامتی سنگین متاثر ہو سکتی ہے، اب ان کے جانے کا وقت آگیا ہے،عمران خان کو خود ہی مستعفی ہوجانا چاہیے، ملک چلانا آپ کے بس کی بات نہیں، ملک میں انتشارپھیلانے والا دشمن سے کم کردارادا نہیں کررہا۔

لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ اگلے سال ہمیں مزید گندم کی کمی کا سامنا ہو سکتا ہے، پاکستان کی معیشت کوعمران خان نے قرضستان، کھنڈر بنا دیا، کل کو قرض دینے والے ایٹمی میزائل کی بھی بات کریں گے؟ وزیرخزانہ نے کہا بروقت ایل این جی کا سودا نہیں کیا گیا، اتنے بڑے، بڑے جوکر حکومت کے اندر موجود ہیں، وزرا اپوزیشن پرالزام تراشی کے علاوہ کوئی کام نہیں جانتے، وزرا کی تجوریاں بھررہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت اپنے ہر شعبے کو این آر او دینے پر تلی ہوئی ہے، نالائقی پرپردہ ڈالنے کے لیے یہ پاکستان فارسیل پر مجبور ہے، تازہ ترین سروے میں کہا گیا87فیصد پاکستانیوں نے کہا معاشی حالات درست نہیں، 43فیصد لوگوں نے کہا مہنگائی ماررہی ہے، تقریبا70فیصد لوگ ملک کی معاشی ابتری سے رو رہے ہیں، پاکستان حکمرانوں کے لیے جنت ہے، اپنے دوستوں کونوازانے کے لیے بجٹ کی کمی نہیں ہے۔ گورنر سٹیٹ بینک وائسرائے کی حیثیت اختیار کر لیں گے وہ آئی ایم ایف کوجوابدہ ہوگا، پاکستان میں کسی ادارے کونہیں، وزرا کی طرح گورنراسٹیٹ بینک کواین آراودیا جارہا ہے۔