اسلام آباد:(دنیا نیوز)وفاقی دارالحکومت میں او آئی سی اجلاس کے باعث 5ہزارسکیورٹی اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔افسران اور اہلکاروں کی چھٹیاں بیس دسمبر تک منسوخ کرکے دفتری عملہ کو بھی حاضر رہنے کی ہدایت کر دی گئی، میٹرو بس سروس کے ابتدائی تین سٹیشنز اور ہائیکنگ ٹریکس بھی بند رہیں گے۔
اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے پیش نظر وفاقی پولیس نے جامع سکیورٹی پلان بنا لیا ہے جس کے مطابق وفاقی پولیس سمیت 5 ہزار سیکورٹی اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق پاک آرمی،رینجرز،اسپیشل برانچ ،ٹریفک ڈویژن ،آپریشنز ڈویژن،سکیورٹی ڈویژن شامل ہیں۔
اجلاس کے دوران شاہراہ دستور پر روڈ ٹریفک کے لئے بند ہو گی،غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ریڈ زون مکمل بند کر دیا جائے گا جبکہ سکیورٹی پلان مکمل طور پر تین روز کے لئے ہوگا۔
سیکورٹی پلان ترتیب دینے کے بعد آئی جی اسلام آباد نے تمام پولیس افسران،اہلکاروں کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دیں اور تمام عملہ کو20 دسمبر تک چھٹی کرنے سے روک دیا گیا،اس دوران افسران کے دفاتر میں تعینات عملہ کوبھی موجودرہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اجلاس کے موقع پر سیکورٹی پلان کے پیش نظر اسلام آباد میں میٹرو بس کے تین سٹیشن بند رہیں گے،حکام کے مطابق شہید ملت، پریڈ گراونڈ اور سیکریٹریٹ سٹیشنز پر بس سروس بیس دسمبر تک فعال نہیں ہو گی۔