لاہور:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے دعویٰ کیا ہے کہ 4 لیگی بڑوں نے خفیہ ملاقات میں نوازشریف کو قیادت سے ہٹانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے ۔
لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی تینوں بڑی جماعتوں کو ایک دوسرے پر اعتبار نہیں، سب کو ایک دوسرے پر ڈیل کا شک ہے،الیکشن آنےدیں، میدان بھی ہوگا گھوڑابھی اور ہم آپکوبتائیں گے الیکشن کیسے لڑتے ہیں۔
فواد چودھری نے مزید کہا کہ صحت کارڈ کا سب سے زیادہ فائدہ سفید پوش اور مڈل کلاس طبقے کو ہو گا، سندھ حکومت کو بھی صحت کارڈ میں حصہ ڈالنا چاہئے۔
وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ صحت کارڈ سے 10 لاکھ روپے تک علاج کی سہولت ملے گی، اس سے شعبہ صحت میں سرمایہ کاری کو بھی فروغ ملے گا، پروگرام میں نجی شعبے کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ صحت کارڈ سے نجی ہسپتالوں میں بھی علاج ہو سکے گا جہاں ہونیوالے اخراجات خرچ حکومت برداشت کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ چند لوگوں کا خیال ہے مہنگائی سے عمران خان کی مقبولیت متاثر ہوئی، صرف تحریک انصاف ہی ایسی جماعت ہے جو پورے ملک کی نمائندگی کرتی ہے، مسلم لیگ نون سینٹرل پنجاب جبکہ پیپلز پارٹی سندھ تک محدود ہے۔ آئندہ 5 سال بھی پی ٹی آئی کے ہوں گے۔
فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ حماد اظہر اور پرویز خٹک کے درمیان کوئی بحث نہیں ہوئی، حماد اظہر تو چاہیں گے ہر جگہ گیس ملے، گیس سکیموں کو مکمل کرنے کیلئے ہر سال 90 ارب روپے چاہئیں۔
فیصل آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا تھا کہ شریف فیملی چار افراد کیلئے ڈیل مانگ رہی ہے، کہا جارہا ہے نوازشریف،مریم نواز،شہبازشریف اور حمزہ کو باہر جانے دیں، جتنی ڈھیل ملنی تھی مل چکی، ن لیگی قائد کا برطانوی ویزہ جلد منسوخ ہوجائے گا، وطن لوٹتے ہی سیدھے جیل جائیں گے۔