کراچی: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی اور سندھ حکومت میں بلدیاتی قانون پر مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ جماعت اسلامی نے 29 روز سے جاری دھرنا ختم کر دیا۔
سندھ میں بلدیاتی قانون پر محاذ آرائی ختم، صوبائی حکومت اورجماعت اسلامی میں مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ جماعت اسلامی نے سندھ اسمبلی کے سامنے 29 روز سے جاری دھرنا ختم کر دیا۔
وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے بلدیاتی قانون میں ترمیم پر اتفاق کے بعد تیار مسودہ بھی پیش کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی کے درمیان میئر کراچی کو با اختیار بنانے پر اتفاق ہوگیا۔ صوبائی فنانس کمیشن کے قیام، تعلیمی ادارے اور اسپتال بلدیہ کراچی کو واپس ملیں گے، میئر اور ٹاؤن چیئرمین کو کمیشن کا ممبر بنانے پر بھی اتفاق ہوگیا، بلدیہ کراچی کو ٹیکس سے بھی حصہ ملے گا۔
حافظ نعیم الرحمان نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کامیابی پر آج یوم تشکر منایا جائیگا۔ حافظ نعیم الرحمان نے مختلف شاہراہوں پر آج دھرنوں کی کال بھی واپس لے لی۔ دونوں جماعتوں کے درمیان تحریری معاہدہ ہوا، چند نکات پر مذاکراتی عمل جاری رہیگا۔