مغربی ممالک میں قوم کا پیسہ چوری کرنے کا کوئی سوچ نہیں سکتا: وزیراعظم

Published On 03 March,2022 03:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ مغربی ممالک میں قوم کا پیسہ چوری کرنے کا کوئی سوچ نہیں سکتا، قوم تب تباہ ہوتی ہے جب وہ برائی کو برائی سمجھنا چھوڑ دیتی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 3 ماہ کی محنت کے بعد رحمت اللعالمینؐ اتھارٹی کا روڈ میپ سامنے آیا، نوجوانوں کو قیام پاکستان کے مقاصد سے آگاہ کرنا ہے، دنیا و آخرت میں فلاح کیلئے آپؐ کے راستے پر چلنا لازمی ہے، حق کا راستہ آسان نہیں، مشکلات سے بھرپور ہے، اپنےبچوں کو بتانا ہے کن اصولوں پر ریاست مدینہ نے بڑی طاقتوں کو شکست دی، میں نے مغربی اور اسلامی کلچر کو بہت قریب سے دیکھا ہے، جس قوم کا کردار بڑا نہیں ہوتا وہ کبھی بڑی قوم نہیں بن سکتی، سیرت نبیؐ کا مطالعہ کرنے کے بعد میری شخصیت میں تبدیلی آئی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ یورپ میں کوئی سوچ بھی نہیں سکتا کہ چپڑاسی کے اکاؤنٹ سے اربوں نکلے، مغربی ممالک میں قوم کا پیسہ چوری کرنے کا کوئی سوچ نہیں سکتا، قوم تب تباہ ہوتی ہے جب وہ برائی کو برائی سمجھنا چھوڑ دیتی ہے، مغربی ممالک اسلام کے بنیادی اصولوں پر عمل پیرا ہیں، جاپان میں کوئی وزیراعظم پکڑا جاتا ہے تو خودکشی کرلیتے ہیں، ایک شخص اربوں کی چوری کر کے بیرون ملک بیٹھا ہے، یہاں کہا جا رہا ہے اسے تقریر کرنے اور الیکشن لڑنے کی اجازت دو۔