نوشہرہ:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور وزیر دفاع پرویز خٹک کے بھائی نے جمعیت علمائے اسلام (ف) میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پرویز خٹک کے بھائی رکن خیبر پختونخوا اسمبلی (ایم پی اے) لیاقت خٹک 10 مارچ کو اسلام آباد میں جے یو آئی میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی نشست پر رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہونے والے لیاقت خٹک نے رواں سال کے آغاز میں پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔ اس وقت پی پی کی طرف سے ان کے بیٹے احد خٹک کو تحصیل نوشہرہ کی سیٹ کا ٹکٹ دیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس فروری میں خیبر پختونخوا سے صوبائی اسمبلی کی نشست پی کے 63 نوشہرہ میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے اختیار ولی کامیاب ہوئے تھے اور اس نشست کے حوالے سے پی ٹی آئی کی مقامی قیادت نے لیاقت خٹک پر الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے ضمنی انتخاب میں (ن) لیگ کا ساتھ دیا ہے۔