اسلام آباد: (دنیا نیوز) گورنرسندھ عمران اسماعیل کا موجودہ ملکی سیاسی صورتحال کے پیش نظر مستعفی ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق گورنر سندھ کراچی پہنچ کر عہدے سے استعفیٰ دے دیں گے، گورنر سندھ سیاسی صورتحال کے باعث اسلام آباد میں ہیں۔ دوسری جانب خیبرپختونخوا کے گورنر شاہ فرمان نے بھی مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے وزیراعظم کا اعتماد کا ووٹ لینے کے دن ہی استعفی بھجوا دوں گا۔
اس سے قبل گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کے مستعفی ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا تھا۔ مذکورہ فیصلے تحریک انصاف کے قائد عمران خان کو وزارت عظمی سے ہٹائے جانے کے بعد سامنے آ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد 174 ووٹوں سے کامیاب ہو گئی تھی جس کے بعد پی ٹی آئی کا اقتدار اختتام کو پہنچا۔ نئے وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کل بروز پیر دن دوبجے ہو گی۔