عوام کیلئے مہنگائی کا طوفان لانے سے بہتر ہے حکومت چھوڑ دی جائے: مریم نواز

Published On 19 May,2022 09:16 pm

سرگودھا: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت گرا کر اُس کے دوبارہ اقتدار میں آنے کا منصوبہ ختم کر دیا، آج اگر ڈالر آسمان پر اور معیشت وینٹی لیٹر پر ہے تو اس کے ذمہ دار پی ٹی آئی چیئر مین ہیں، اگر حکومت کو پٹرول کی قیمت بڑھانی پڑے تو اسکے ذمہ دار عمران خان ہیں۔ سابقہ حکومت کی تباہی کا ٹوکرا اپنے سر نہیں لے سکتے، عوام کیلئے مہنگائی کا طوفان لانے سے بہتر ہے کہ حکومت چھوڑ دی جائے۔

 سرگودھا میں مسلم لیگ ن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ یہ شہر سرگودھا سے پیار کرنے والوں کا شہر ہے، نوازشریف لندن میں بیٹھ کر جلسے کو دیکھ رہے ہیں، کہا جاتا تھا میرے والد کی سیاست ختم ہو گئی، آج ہر جگہ قائد ن لیگ کے نعرے لگ رہے ہیں، نوازشریف نے پاکستان سے لوڈ شیڈنگ کاخاتمہ کیا اور ملکی معیشت کو درست سمت میں گامزن کیاتھا۔

 انہوں نے کہا کہ ایک کھلنڈرے اور نااہل کو پاکستان کےعوام پر مسلط کیا گیا، نااہل کے آنے کے بعد لوڈ شیڈنگ دوبارہ شروع ہو گئی، معیشت تباہ ہو گئی، 4سال میں ملک کوتباہ کرنے والا شہبازشریف سے 4 ہفتوں کا حساب مانگ رہا ہے، عمران خان ایک منٹ بھی اپنی کارکردگی پربات نہیں کر سکتا، لیگی قائد کو لوگ کہہ رہےہیں کہ واپس آجاوَآپ کی ضرورت ہے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے لیگی نائب صدر نے کہا کہ پہلے اس جھوٹے شخص نے 35 پنکچر کا ڈرامہ کیا لیکن ثبوت نہیں دیا، جب سے شہبازشریف کی حکومت آئی یہ نالائق40تقریریں کرچکے ہیں، ایک تقریرمیں بھی یہ اپنی کارکردگی پرنہیں بولا، یہ ایک منٹ بھی اپنی کارکردگی پربولنے کے قابل نہیں، یہ ازل کا جھوٹا شخص ہیں۔ اب جعلی خط لے آیا اس کا بھی کوئی ثبوت نہیں دیا۔ غیر ملکی سازش کا بھی جھوٹا ڈرامہ کیا، اب ایک اورڈرامہ کیا کہ میرے قتل کی سازش ہو رہی ہے، آج اگرڈالرآسمان پراورمعیشت وینٹی لیٹرپرہےتواس کےذمہ دار پی ٹی آئی چیئر مین ہیں، اگر حکومت کو پٹرول کی قیمت بڑھانی پڑے تو اسکے ذمہ دارعمران خان ہیں، شریف برادران کیلئے کسی چیز کی قیمت ایک روپے بڑھانا بہت مشکل کام ہے، ان کو عوام کا احساس ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف آپ کی طرح نہیں وہ آلواور پیاز کی قیمت ٹھیک کرنے آئے ہیں، نوازشریف کہتا ہے حکومت چھوڑ دوں گا لیکن عوام پر بوجھ نہیں ڈالوں گا، عمران خان کی تباہی کا ٹوکرا اپنے سر نہیں لے سکتے، موجودہ حکومت کو خیر باد کہنا بہتر ہے، خیرباد کہہ کر میدان میں آ کر مقابلہ کر لو۔

عوام کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوازشریف اگر عوام کی خاطر حکومت چھوڑتا ہے تو پھر کیا دو تہائی اکثریت دوگے؟ عمران خان اگلے الیکشن میں دھاندلی کی تیاری کر چکا تھا، ہم نے ان کی حکومت گرا کر اس کے 12 سالہ پلان کو فیل کر دیا، عمران تم چاہے اُلٹے لٹک جاؤتمہارا کھیل ختم ، تم نے سرجھکا کرآئی ایم ایف کی شرائط کومانا۔

ان کاکہنا تھا کہ جس بندے نے ہمیشہ زکوٰۃ سے گزارا کیا اسے خود مختاری، آزادی کے بھاش نہیں دینے چاہئیں، یہ ناپاک زبان سے ریاست مدینہ کی بات کرتا ہے، حمزہ پر مرغی کے ریٹ بڑھانے کا الزام لگاتا ہے، مرغی کے ریٹ تب بڑھے تھے جب بنی گالہ میں منوں مرغیاں جلائی جاتی تھیں، کہتا ہے مریم نے امریکی سفارتکار کا استقبال کیا، عمران خان تم نے مریم نہیں تم نے پنجاب اور پاکستان کی ہر بیٹی کو گالی دی ہے، ہم مہمانوں کی قدرکرنا جانتے ہیں، تمہیں منہ توڑ جواب دے سکتی ہوں، عمران اس وقت سے ڈرو جب ماؤں، بہنوں کے ہاتھ تمہارے گریبان تک پہنچیں گے، عمران خان ایک فتنے کا نام ہیں۔

لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہجس، جس نے اس سانپ کو دودھ پلایا اس نے اسے ہی ڈس لیا، یہ اتنا بڑا فتنہ ہے، کہتا ہے اسٹیبلشمنٹ ساتھ نہ دے تو جانور ہیں، کہتا ہے میڈیا میرے جھوٹوں کو سپورٹ کرے تو ٹھیک نہ کرے تو غیرملکی ایجنٹ، کہتا ہے جب تک کُرسی پربیٹھا رہوں تو زندہ باد، اگرنہ رہوں تو ایٹم بم گرادو، عمران خان نے آئین توڑا، رات کو عدالتیں کھلی، اس دن سے لیکرججزکوگالیاں دیتا ہے۔ آج دوپہر تک سپریم کورٹ کو گالی اچانک انہوں نے سوموٹو لیا تو شادیانے بجا رہا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ نے شہبازشریف کے خلاف سوموٹولیا تو بڑی مہربانی، ایک سوموٹو بشیر میمن کے الزامات پر بھی لیا جائے، شہزاد اکبر نیب، ایف آئی اے کو استعمال کر رہا تھا، ایک سوموٹواس کے خلاف بھی ہونا چاہیے، فارن فنڈنگ کیس میں بھی ایک سوموٹوہونا چاہیے، سپریم کورٹ سے عرض کرنا چاہتی ہوں پاگل شخص کی خاطرعدلیہ کے ترازو کو جھکنے مت دیں، کہتا ہے سازشیوں کے چہرے پہچان لیے، وہ یہ بات نوازشریف، مجھے نہیں اداروں کو کہتا ہے، اپنے جلسوں میں افواج پاکستان کیخلاف باتیں کرتا ہے، صدرعلوی کا بیٹا عباد علوی کھلے عام فوج کیخلاف باتیں کر رہا ہے۔

صدر عارف علوی جتنی آئین کی خلاف ورزی کرنی ہے کر لو: حمزہ شہباز

وزیراعلیٰ پنجاب میاں حمزہ شہباز شریف نے سرگودھا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرگودھا کے شیروں نے ہرمشکل وقت میں نواز،شہبازشریف سےوفا کا رشتہ نبھایا، ایک شخص نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا جھوٹ بولا، عمران نیازی نے 50 لاکھ گھروں کا وعدہ کیا، ایک ہزار بھی نا بناسکا۔ پچھلے چارسالوں میں پاکستانی قوم کا خون چوسا گیا، عامر کیانی نے ادویات میں اربوں کمائے، عمران نیازی سیاست کی آڑمیں ملک میں انتشار پھیلانا چاہتا ہے، کبھی اداروں اور کبھی دوست ملکوں کو للکارتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی سیاست میں نوازشریف، شہبازشریف کا مقابلہ کرو، اگر تم نے انتشار، جلاؤ، گھیراؤ کیا تو سرگودھا کی عوام تمہیں سمندرمیں غرق کردیں گے۔ صدرعارف علوی عمران کی نوکری زیادہ کر رہا ہے، ایک ماہ سے کابینہ نہیں بنی کوئی بات نہیں، عوام کے دکھوں کا مداوا کروں گا، پورے پنجاب میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 650 کا مل رہا تھا، 10کلوآٹے کے تھیلے کو490کا کردیا ہے۔ 10کلوآٹے کا تھیلا 160روپیہ سستا کیا ہے، چند دنوں میں چینی اورگھی بھی سستا ہو گا۔اس نے کسانوں سے کھاد چھین کر اپنے پیاروں کو نوازا، عمران نیازی تم سے انتقام نہیں لیں گے، عمران نیازی تم نے مزدوروں سے روٹی چھینی، عمران نیازی تم نے عوام کومہنگائی کی چکی میں پیسا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کہتا ہے شہبازشریف کوجیل میں ڈالوں گا، اب جیل کا پھاٹک عمران نیازی کے لیے کھلے گا، اس ملک کی معیشت سسیکیاں لے رہی ہے، کہتا تھا آئی ایم ایف سے قرض لیا تو خود کشی کر لوں گا، یہ آئی ایم ایف کے سامنے لیٹ گیا، صرف 4 سالوں میں عمران نیازی نے 20 ہزارارب قرض لیا، الیکشن آنے والا ہے، نوجوان، کسان، مزدورتم سے الیکشن میں حساب مانگیں گے۔ 2018ء کے الیکشن میں ہر جگہ دھاندلی ہوئی۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ صدرعارف علوی جتنی آئین کی خلاف ورزی کرنی ہے کر لو، میں عوام میں نکل گیا ہوں تم میرا راستہ نہیں روک سکتے، کل اس نے کہا لانگ مارچ میں میرے ساتھ افواج پاکستان کے خاندان بھی جائیں گے، او بھائی! یہ فوج سب کی فوج ہے، شہدا کی ماؤں کو سلام پیش کرتے ہیں، اداروں کو بتانا چاہتا ہوں یہ شخص آئین کو نہیں مانتا، یہ یورپی یونین، چین کو ناراض کر رہا ہے، امریکا سپر پاورہے ہم اس سے برابری کے تعلقات چاہتے ہیں، یہ پاکستان کے خلاف سازش کے بیج بو رہا ہے، چارسال میں عمران نیازی کوئی ایک منصوبہ بتادے، پاکستان کوبدحال کر دیا، انقلاب کی باتیں کرتے ہو، عمران نیازی کس کودھمکیاں دیتے ہوتمہارے پلے کیا ہے، توشہ خانہ، فارن فنڈنگ کا حساب دینا ہوگا، تمہیں بنی گالہ کے پہاڑ سے اتار کر عدالت میں پیش کریں گے۔

ان کاکہنا تھا کہ یہ لانگ مارچ نہیں، جیل کے خوف کی وجہ سے مارچ ہے، عمران نیازی تم تین، چار دن بھی جیل نہیں رہ سکتے، پاکستان کا مستقبل نواز شریف، شہباز شریف کی قیادت میں روشن ہے، یہ وزارت اعلیٰ آنی جانی چیزہیں، اللہ نے موقع دیا توآپ کی خدمت کروں گا، وہ دن دورنہیں جب اسی پنڈال میں نوازشریف، شہبازشریف بھی ہونگے، عمران نیازی جب الیکشن کا میدان لگے گا، ایک طرف نوازشریف، دوسری طرف شہبازشریف دھاڑے گا توتمہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

Advertisement