اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور عمران خان کے مریم نواز سے متعلق بیان پر وزیراعظم شہباز شریف، حمزہ شہباز، آصف زرداری، رانا ثنا اللہ اور دیگر نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عمران خان کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کیخلاف زبان درازی پر خواتین سمیت پوری قوم مذمت کرے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم نے لکھا کہ تاریخ کا پہلا شخص ہے جو ایک جماعت کے سربراہ کے طور پر بدتہذیبی کے اس پاتال میں جا گرا ہے، قوم بنانے نکلے تھے اور قوم کے اخلاق کو ہی بگاڑ دیا، انا للّٰہ وانا الیہ راجعون!۔
ایک اور ٹوئٹ میں شہباز شریف کا لکھنا تھا کہ بیٹی مریم نواز شریف کے خلاف قابل افسوس زبان درازی پر پوری قوم خاص طور پر خواتین پرزور مذمت کریں، کم ظرفی کے اظہار سے ملک وقوم کے خلاف آپ کے جرائم چھپ نہیں سکتے، مسجد نبویﷺ کی حرمت و ناموس کا پاس نہ کرنے والوں سے ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کی عزت وتکریم کی کیا توقع ہوسکتی ہے۔
حمزہ شہباز
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے بھی عمران خان خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز شریف کے بارے میں عمران نیازی کی بازاری سوچ قابل مذمت ہے، اخلاقیات، روایات اور سیاست کا جنازہ نکالنے کے بعد اب عمران نیازی خواتین پر رکیک حملے بھی کر رہا ہے، ملک کی تمام خواتین کو اس گھٹیا سوچ کے خلاف کھڑا ہونا چاہئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسی بد زبانی ہمارے سیاسی کلچر کے طور پر بڑھانا نئی نسل کے لئے زہر قاتل ہے، عمران نیازی ملک میں انارکی کے ساتھ غلیظ خیالات کی ترویج اور اخلاقیات کا جنازہ نکالنے پر بھی تلا ہوا ہے، خواتین کے بارے میں اس کے بازاری خیالات قوم کے سامنے ہیں۔
رانا ثنا اللہ
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان زبان کو لگام دو ورنہ گندگی پھیلانے والی زبان ہمیں کھینچنا آتی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے خطاب پر شدید ردعمل دیتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ تم قوم کی بیٹی مریم نواز شریف کے بارے میں جملے بازی کر کے پوری قوم کی خواتین کی توہین کر رہے ہو، عمران خان کی گندی تربیت اور کردار کا عکس ہے، یہ ہے وہ لوفر، لفنگا جو وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان کی کرسی پر چار سال گند پھیلاتا رہا۔
وفاقی وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ ملک کی معیشت، عوام کو تباہ کرنے والے عمران خان نے معاشرے کی اخلاقی قدروں کا بھی جنازہ نکال دیا ہے،عمران خان کا منہ گندا نالا بن چکا ہے، ہم نے اپنا جذبہ اور جنون دکھایا تو عمران نیازی سے برداشت نہیں ہوگا، عمران نیازی مریم نواز کی نہیں پورے پاکستان کی بیٹیوں کی توہین کر رہا ہے۔
خواجہ سعد رفیق
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عمران خان کے خطاب پر شدید ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ ملتان جلسہ میں عمران خان نے مریم نواز شریف کے خلاف جو اخلاق سے گری ہوئی گفتگو کی ہے اس نے ہر پاکستانی کا سر شرم سے جھکا دیا، ایک شخص جو خود کو مقبول لیڈر کہتا ہے اسے بات کرنے کی بھی تمیز نہیں ہے۔
آصف علی زرداری
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے مریم نواز کے حوالے سے عمران خان کی نازیبا زبان استعمال کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جن عزت داروں کے گھروں میں مائیں، بہنیں ہوں وہ اس طرح کی زبان نہیں استعمال کرتے، خدارا اس سیاست میں اتنے نیچے نہ گر جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مائیں، بہنیں، بیٹیاں سب کی سانجھی ہوتی ہیں، یہی پیغام بی بی شہید چھوڑ کر گئیں ہیں، کاش اب بھی کوئی چیف جسٹس کو پرسنل آبزرویشن کا خط لکھے اور وہ نوٹس لیں۔
مریم اورنگزیب
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بھی ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز شریف سے سیاسی میدان میں ہارنے والے کا کم ظرفی اور دشنام طرازی پر اتر آنا اعتراف شکست ہے، چوک، چوراہوں پر جملے کستے کردار آئینی مناصب پر بیٹھے، یہ ہے معاشرے کا زوال۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو اسی شر سے بچانے کی جدوجہد کر رہے ہیں، یہ وہی ہے جو خاتون صحافیوں کو لفافے کہہ کر خاموش کرانا چاہتا ہے، خواتین کے لباس کو جرم کی وجہ قرار دینے والا اپنی خرافات سے سیاسی مد مقابل خاتون کو ڈرانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔
احسن اقبال
وفاقی وزیر احسن اقبال کی جانب سے بھی عمران خان کے بیان پر مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ عمران نیازی کو جو بھی لیڈر مانتا ہے اس پہ صد افسوس، جس جس نے بھی اس کو قوم پہ مسلط کرنے میں حصہ ڈالا ہے وہ شرمسار تو ضرور ہو گا، اگر شرمسار نہیں تو وہ بھی اسی کسب کا ہے، جس شخص نے ساری عمر کالک منہ پہ ملی اس سے اور کیا توقع کی جا سکتی ہے۔
اسحاق ڈار
سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ عمران نیازی نے اخلاق سے گری ہوئی باتیں کیں، جو زبان عمران خان استعمال کر رہا وہ کسی مسلمان اور لیڈر کو زیب نہیں دیتی۔
جے یو آئی (ف)
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ترجمان اسلم غوری نے بھی ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نیازی حواس باختہ ہوچکا، اس سے لوگوں کو خود بچانا ہوگا، گندی زبان کو لگام دینا جانتے ہیں، ایک ایک بات کا حساب لیں گے ، کراچی کے عوام کے بعد کل پشاور کے عوام نیازی کے غرور کو خاک میں ملائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو شخص اپنی بیٹی کو اپنا نام نہ دے سکے وہ دوسروں کی بہو، بیٹیوں کے بارے میں گندی زبان ہی استعمال کرے گا، تمہاری حکومت ختم کی، اب تمہاری سیاست کو بھی دفنائیں گے، قوم اپنے بچوں کو ایسے حواس باختہ شخص کی فضول گفتگو سے بچائے، حدیں نہ پھلا نگیں، ورنہ جینا دو بھر کر دیں گے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی فٹ پاتھ کے لچے لفنگے شخص کی طرح کی زبان استعمال کر رہا ہے، ایسے سیاہ کردار والے شخص نے سیاست کو گندا کر دیا۔