اسلام آباد : (دنیا نیوز) سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکومت انتخابات کا اعلان کرے تو بات چیت ہو سکتی ہے، الیکشن کی تاریخ لیے بغیرعمران خان کسی سے بات نہیں کریں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ہی حکمرانوں کا 13 جماعتوں کا گرینڈ اتحاد ہے، اب شہباز شریف کونسا گرینڈ اتحاد چاہتے ہیں؟ الیکشن کراؤ اور گھر جاؤ، سامراجی طاقتیں ہماری معیشت تباہ کر کے ایٹمی طاقت چھیننا چاہتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ووٹر لسٹوں میں مرضی کی تبدیلیاں کر رہی ہے، ہر شخص 19 جون سے پہلے اپنا ووٹ چیک کر لے، انتخابات اسی سال ہوتے دیکھ رہا ہوں، عمران خان بجٹ کے بعد اگلی حکمت عملی کا اعلان کریں گے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، باپ،بیٹا وفاق اور ایک صوبے پر قابض ہو چکے ہیں، پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کیلئے ساری محنت ہماری تھی۔