این ٹی ڈی سی سےمزید 200 میگا واٹ کم بجلی مل رہی ہے، سی ای او کے الیکٹرک کا امتیاز شیخ سے رابطہ

Published On 01 July,2022 02:58 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ سے کے الیکٹرک کے سی ای او نے رابطہ کر کے کہا ہے کہ این ٹی ڈی سی سے مزید 200 میگا واٹ کم بجلی مل رہی ہے۔

سی ای او کے الیکٹرک نے امتیاز شیخ سے بات چیت کے دوران کہا کہ غیر اعلانیہ اور رات کے وقت لوڈ شیڈنگ میں واضح کمی ہوئی۔ کہا این ٹی ڈی سی سے کے الیکٹرک کو مزید 200میگا واٹ کم بجلی مل رہی ہے۔

وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ وفاق کی جانب سے ملنے والی بجلی میں کمی سے وزیر اعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کو آگاہ کر دیا ہے۔ وفاقی حکومت سے بات کرکے مسئلے کا جلد حل نکالا جا رہا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ احتجاج اور دھرنے مسائل کا حل نہیں۔ کے الیکٹرک لوڈ مینجمنٹ میں مزید بہتری لانے کی کوشش کرے، کے الیکٹرک عوام کی شکایات کے ازالے کے لیے 24 گھنٹے شکایتی مراکز کوفعال رکھے۔ 

Advertisement