لاہور(دنیا نیوز) پنجاب کے سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی تابناک تاریخ میں 6 ستمبر کو خاص اہمیت حاصل ہے، 6 ستمبر پاکستان سے وفا کے عزم کے اعادہ اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔
یوم دفاع پاکستان پر خصوصی پیغام میں میاں اسلم اقبال نے کہا کہ یوم دفاع، افواج پاکستان اور قوم کے جذبے، عزم اور بہادری کی یاد دلاتا ہے،افواج پاکستان اور غیور قوم نے آج کے دن دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا، ہماری بہادر افواج نے دشمن کے دانت کھٹے کئے اور ہرمحاذ پر شکست دی، دفاع وطن کی جنگ میں پاک افواج اور پوری قوم دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئی۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ افواج پاکستان اور قوم سیلاب سے متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد میں پیش پیش ہے آج کے دن ہمیں سیلاب زدگان کے ساتھ مکمل بحالی تک کھڑے رہنے کا عہد بھی کرنا ہے، پاکستان کو صحیح معنوں میں فلاحی ریاست اور دفاع وطن کو مضبوط بنانے کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کرنا ہے۔