اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعظم و چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے توشہ خان ریفرنس میں الیکشن کمیشن کو جمع کروائے گئے جواب میں موقف اختیار کیا ہے کہ میں نے کوئی اثاثے نہیں چھپائے، ریفرنس بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہے۔
عمران خان کی جانب سے ساٹھ صفحات پر مشتمل جواب کے مطابق گزشتہ حکومت نے ساڑھے تین سال کے دوران 329 تحائف وصول کئے، توشہ خانہ کے 58 تحائف عمران خان اور ان کی اہلیہ نے وصول کیئے، 30 ہزار سے زائد مالیت کے کل 14 تحائف سابق وزیراعظم اور اہلیہ کو ملے۔
جواب میں کہا گیا کہ تمام تحائف ٹیکس ریٹرن اور اثاثوں کی تفصیلات میں موجود ہیں، توشہ خانہ تحائف کے چار یونٹ بیچے گئے، توشہ خانہ تحائف کے بدلے 3 کروڑ سے زائد کی رقم ادا کی گئی۔
عمران خان نے اپنے جواب میں کہا کہ ریفرنس گمراہ کن اور جھوٹ پر مبنی ہے اور ریفرنس میں لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں، ریفرنس کے ذریعے آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کا اطلاق نہیں ہوتا، چیئرمین پی ٹی آئی نے عمران خان نے الیکشن کمیشن سے ریفرنس خارج کرنے کی استدعا کردی۔