اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت کو اپنے سفارتی طرز عمل کا سنجیدگی سے جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے بیان میں بھارتی وزیر خارجہ کے غیر ضروری ریمارکس کے بارے میں میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے امریکا کے ساتھ دیرینہ اور وسیع البنیاد تعلقات قائم ہیں جو خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے میں اہم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ مہینوں میں پاکستان اور امریکا کے تعلقات مضبوط اور کثیرالجہتی بن گئے ہیں جس سے دونوں ملکوں کے عوام سے عوام اور دو طرفہ تعلقات مزید گہرے ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک علاقائی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے تعمیری طور پر مصروف عمل ہیں۔
ترجمان نے بھارت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ بین الریاستی تعلقات کے بنیادی اصولوں کا احترام کرے اور امریکہ اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات پر تبصرہ کرنے سے گریز کرے۔
ترجمان نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ بھارت کو اپنے سفارتی طرز عمل کا سنجیدگی سے جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔