لاہور: (دنیا نیوز) رہنما پاکستان مسلم لیگ ن عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہیٰ سابق وزیر اعظم عمران خان کو دھوکہ دے رہے ہیں تاکہ اسمبلی نہ ٹوٹے۔
اپنے ایک بیان میں رہنما ن لیگ عطاء تارڑ نے کہا کہ اگرمقررہ تاریخ تک وزیراعلیٰ اعتماد کا ووٹ نہیں لیں گے توعہدے پر نہیں رہیں گے، آئین میں واضح ہے کہ اعتماد کا ووٹ نہیں لیں گےتو ڈی سیٹ ہو جائیں گے، گورنر پنجاب کا قانونی طور پر پورا کیس مضبوط ہے، میاں منظور وٹو کیس کا حوالہ دیا جاتا ہے، تب گورنر راج تھا۔
انہوں نے کہا کہ جب یہ عدالت جائیں گے تو گورنر کہیں گے ان کے فیصلے پرعملدرآمد نہیں کیا گیا، تحریک عدم اعتماد کی باری بعد میں آنی ہے، ہر حال میں اعتماد کا ووٹ لینا ہوگا، پھرتحریک عدم اعتماد کی باری آئے گی، وزیراعظم کی طرف سے گورنر پنجاب کو کوئی ہدایت نہیں آئی، اس بات کی سختی سے تردید کرتا ہوں، یہ آئینی و قانونی جنگ ہے، جس کا کیس مضبوط ہوگا وہ جیت جائے گا۔
لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ میرا خیال ہے پرویزالہیٰ عمران خان کو دھوکہ دے رہے ہیں تاکہ اسمبلی نہ ٹوٹے، آج گورنر ہاؤس کے باہر ان کے 400 لوگ موجود تھے، عمران خان کی ضد کی وجہ سے جلد الیکشن نہیں ہونے چاہئیں۔