آئی ایم ایف کو حکومت پر اعتماد نہیں رہا، سراج الحق

Published On 29 December,2022 11:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کو حکومت پر اعتماد نہیں رہا، اسحاق ڈار ڈالر کو قابو کرنے آئے تھے، انہوں نے معیشت کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔

اپنے ایک بیان امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا آج ماہانہ 60 ہزار روپے سے بھی گھر نہیں چلتا، ان کی غلط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ہر پاکستانی لاکھوں روپے کا مقروض ہے، مفادات کی جنگ ہے جس میں پورا ملک جل رہا ہے، حکمرانوں کی عیش و عشرت میں کوئی کمی نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ اس حکومت پر آئی ایم ایف کا اعتماد نہیں رہا، یہ حکومت مصنوعی آکسیجن پر موجود ہے، اسحاق ڈار نے کہا تھا ڈالر کو قابو کروں گا اور 200 روپے پر لاؤں گا، انہوں نے معیشت کا بیڑا غرق کر دیا ہے، پوری قوم کو یرغمال بنایا ہوا ہے، خود بھی اور پوری قوم کو بھی بند گلی میں دھکیلا ہوا ہے۔

امیر جماعت کا مزید کہنا تھا کہ جن کی آڈیو، ویڈیو نہیں آئی وہ بھی کہہ رہے ہیں ہماری آنے والی ہیں، ایک عام ڈی پی او 110 کنال کے گھر میں رہتا ہے، پوری قوم کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا ہوا ہے۔