کراچی : ( دنیا نیوز ) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کے درمیان حلقہ بندیوں کے معاملے پر مذاکرات تعطل کا شکار ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق بلدیاتی انتخابات سے قبل سندھ کے شہری علاقوں میں حلقہ بندیوں کے معاملے کو حل کرنے کے لیے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پی کے درمیان بلاول ہاؤس کراچی میں ملاقات ہوئی، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) کی قیادت میں وفاقی حکومت کے وفد نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
ملاقات کے بعد ایم کیو ایم کے ترجمان نے کہا کہ ہم سیاست نہیں کر رہے بلکہ شہری سندھ کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں ، وفاقی حکومت کے وفد کی بریفنگ کے بعد ایم کیو ایم، پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے بدھ کو دوبارہ ملاقات کرے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پی کی قیادت آج ( منگل کو ) جنرل ورکرز میٹنگ میں کارکنان سے ان تمام امور پر تبادلہ خیال کرکے ان کی رائے لے گی۔
دوسری جانب پی پی پی کا خیال ہے کہ ایم کیو ایم پی کا سندھ کے شہری علاقوں میں حلقہ بندیوں کا مطالبہ بلاجواز تھا کیونکہ اس سے بلدیاتی انتخابات ان کے حق میں ہوں گے۔
دریں اثناء حکومتی وفد نے وزیراعظم شہباز شریف کو پیر کی ملاقات کے نتائج سے آگاہ کر دیا ہے۔