اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق سے پاکستان میں امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سید امین الحق نے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں امریکی کمپنیوں کیلئے بے پناہ مواقع ہیں، پاک امریکا بزنس تعلقات و دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے، آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر سے متعلق معاملات پر ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار ہیں۔
سید امین الحق نے کہا کہ براڈ بینڈ سروسز کیلئے 65 ارب روپے مالیت کے 70 سے زائد منصوبے زیر تکمیل ہیں، پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن بل اور سوشل میڈیا رولز بزنس فرینڈلی اور ملکی تقاضوں کے مطابق ہیں، دونوں بلز آئندہ 3 سے 4 ہفتوں میں منظوری کیلئے متعلقہ فورمز کو ارسال کر دیئے جائیں گے، ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین سکلز کی تربیت کیلئے پروگرام شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹرکیلئے مشترکہ حکمت عملی سے دوطرفہ تعاون کو فروغ ملے گا، پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ، سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول بھی دستیاب ہے، ہچکچاہٹ کا شکارامریکی کمپنیوں کو پاکستان کی جانب راغب کر رہے ہیں، پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کی دنیا میں اہم مقام حاصل کرتا جا رہا ہے۔
ملاقات میں ایڈیشنل سیکرٹری (انچارج ) وزارت آئی ٹی محسن مشتاق، ایڈیشنل سیکرٹری عائشہ حمیرا موریانی، ممبر آئی ٹی سید جنید امام اور ڈی جی انٹرنیشنل کوآرڈینیشن سید جواد علی بھی موجود تھے۔