اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان روس کے بین الحکومتی کمیشن کے اجلاس کے دوسرے روز مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی، دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے ورکنگ گروپ بنانے پر اتفاق کر لیا۔
روس توانائی کے شعبہ میں پاکستان کے ساتھ مل کر آگے بڑھنے کا خواہاں ہے، ورکنگ گروپس توانائی، تیل و گیس سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے امور دیکھیں گے۔
اسلام آباد میں جاری مذاکرات میں روسی وفد کی قیادت بھی روس کے وزیر توانائی کر رہے ہیں، مذاکرات کے دوران کسٹم، صنعت، تعلیم سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بھی تعاون پر غور کیا گیا، مواصلات ،پوسٹل سروس اور ریلوے کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر بھی بات چیت ہوئی۔
دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات میں توانائی، تیل و گیس، زراعت، مالیات، تجارت، سرمایہ کاری پر بات چیت ہوئی، روسی وفد کا کہنا تھا کہ پاکستان سائنس و ٹیکنالوجی اور تحقیق کے شعبے میں ہمارے تجربے سے فائدہ اٹھائے۔