نواز شریف آئندہ الیکشن میں (ن) لیگ کی قیادت کریں گے: رانا ثناء اللہ

Published On 19 January,2023 10:13 pm

لندن: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی قیادت میں پوری طرح متحد ہے، نواز شریف پارٹی کے قائد ہیں ووٹ اور سپورٹ ان کی ہے۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نواز شریف الیکشن میں (ن) لیگ کی قیادت کریں گے، انتخابی مہم میں نوازشریف اور مریم نواز بھی شامل ہوں گے، ہم سب کی مشترکہ رائے ہے پارٹی کی کامیابی کیلئے نواز شریف کا پاکستان میں ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف بھی چاہتے ہیں جلدی واپس جاؤں، وہ مسلم لیگ (ن) کے وزیراعظم کے امیدوار ہوں گے، مریم نواز اگلے ہفتے واپس جائیں گی، رانا ثنا سے سوال کیا گیا کہ مریم نواز پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ ہو سکتی ہیں تو انہوں نے جواب میں کہا کہ کیوں نہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ معزز جج صاحبان تحفظات پر توجہ دیں اور انہیں دور کریں، ہمارے اوپر خریدو فروخت کا جھوٹا الزام لگایا گیا، ہمارے پاس 171 کے نمبرز پورے تھے، بلال وڑائچ آزاد امیدوار تھے، تحریک انصاف کے لوگ ان سے اسمبلی توڑنے پر ناراض تھے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہو سکتا ہے تین ماہ میں الیکشن نہ ہوں، آئین میں درج ہے کہ 90 دن میں الیکشن ہونا چاہیے، آئین میں کچھ اور چیزیں بھی درج ہیں، شاہد اسلم کی گرفتاری میرے علم میں تھی، صحافی نے ایف بی آر کا ڈیٹا لیک کیا، ایف بی آر کے لوگوں کے انکشاف کے بعد ان کو گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیریان کیس میں عمران خان سو فیصد نااہل ہو سکتے ہیں، توشہ خانہ سمیت دیگر کیسز میں اگر چیئرمین تحریک انصاف کی گرفتاری بنتی ہے تو اداروں کو کرنی چاہیے۔
 

Advertisement