ٹیکسلا : (ویب ڈیسک ) اٹک ڈسٹرکٹ پولیس کی 119سالہ تاریخ میں پہلی بار کسی پولیس اسٹیشن میں خاتون ایس ایچ او تعینات کی گئی ہیں ۔
اٹک میں پہلی خاتون ایس ایچ او کی تقرری انسپکٹر جنرل پولیس عامر ذوالفقار خان نے صوبے کے ہر ضلع میں خاتون ایس ایچ او کی تعیناتی کی نئی پالیسی کے تحت کی ہے ۔
اس ضمن میں پنجاب کے تمام علاقائی اور ضلعی پولیس افسران کو خواتین پولیس افسران کے کردار کو اجاگر کرنے کے عنوان سے ایک سرکلر جاری کیا گیا، سرکلر میں کہا گیا ہے کہ " تمام اضلاع میں قائم خواتین ہیلپ ڈیسک پر خواتین اہلکاروں کی تعیناتی کو ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے تاکہ خواتین پولیس افسران اور سماجی رویوں اور جرائم کا شکار ہونیوالی خواتین شہریوں کی مدد کر سکیں"۔
ان ہدایات کو سامنے رکھتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس چیف اٹک فضل حامد کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق انسپکٹر ارم خانم کو فتح جنگ سب ڈویژن کے نیو ایئرپورٹ تھانے کا ایس ایچ او تعینات کر دیا گیا ہے ۔
نئی تعینات ہونے والی ایس ایچ او ارم خانم نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔
ارم خانم نے 4 اپریل 1996 میں بطور اے ایس آئی پولیس سروس میں شمولیت اختیار کی ،انصاف کی بروقت فراہمی کے ساتھ انہوں نے محکمہ پولیس کی مختلف آپریشنل، کرائم کنٹرول اور سرویلنس برانچز بشمول سپیشل برانچ، سیکورٹی برانچ اور انسداد دہشت گردی برانچ میں بھی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انجام دیں ۔
انسپکٹر ارم خانم ایک شاندار ایتھلیٹ بھی ہیں ، انہوں نے 40 سے زائد ممالک میں ایتھلیٹکس کے مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور ملک کیلئے سونے، چاندی اور براؤن تمغے حاصل کیے ، انہیں بھارت اور پاکستان کی تیز ترین خاتون ایتھلیٹ ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے ۔
پنجاب کے سطح مرتفع پوٹھوہار پر واقع اٹک ضلع اپریل 1904 میں قریبی اضلاع کی تحصیلوں کو ملا کر بنایا گیا تھا ، اس کا نام ابتدائی طور پر کیمبل پور رکھا گیا تھا۔