کوئٹہ : (دنیانیوز) بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں چینکی اسٹاپ کے قریب مسافر کوچ کھائی میں جاگری ، جس کے نتیجے میں اب تک 40 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد زخمی ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سے کراچی آنیوالی مسافر کوچ نمی لنگڑا پل کے مقام پر حادثے کا شکار ہوئی ، تیزرفتاری کے باعث کھائی میں گرنے کے بعد کوچ میں آگ بھڑک اٹھی ، حادثے کی اطلاح ملتے ہی ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن لسبیلہ ، فائربریگیڈ گاڑیوں اور ریسکیو عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا ۔
امدادی کارروائیوں کے دوران کوچ سے اب تک 40 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں ہیں جبکہ 4 افراد زخمی ہوئے ہیں، مسافر کوچ میں 48 مسافر سوار تھے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم، وزیر خارجہ کا لسبیلہ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پراظہار افسوس
اسسٹنٹ کمشنر بیلہ نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ حادثے کے مقام پر امدادی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں ، زخمیوں کو طبی امداد دے کر مزید علاج کیلئے کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔
اے سی بیلہ کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار بس سے نکالی جانے والی زیادہ تر لاشیں ناقابل شناخت ہیں ، لاشوں کی شناخت کے لیے ان کا ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائے گا۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نےبلوچستان کے علاقہ لسبیلہ میں کوچ کھائی میں گرنے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چشتیاں: ٹریفک حادثے میں 6 افراد جاں بحق
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیراعلٰی بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے بھی المناک حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا ہے کہ حادثہ میں بہت سی قیمتی جانوں کے ضیاع پر صدمہ ہوا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی ۔