اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف قیامت خیز زلزلہ کی تباہی کے بعد ترک عوام سے اظہار ہمدردی کیلئے بدھ کو ترکیہ جائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ہوں گے، دونوں زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے، وزیر اعظم ترک عوام سے اظہار ہمدردی کیلئے دورہ ترکیہ کر رہے ہیں۔
سفارتی ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف دورہ کے دوران انقرہ بھی جائیں گے جہاں وہ ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم شہباز شریف نے ریسکیو ٹیمیں ترکیہ بھیجنے کی ہدایت جاری کر دی
دوسری جانب دفتر خارجہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کو ترکیہ میں شدید زلزلہ کے نتیجے میں قیمتی جانوں اور املاک کو نقصان پہنچنے پر شدید دیکھ ہوا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی عوام دکھ کی اس مشکل گھڑی میں اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔
دفتر خارجہ کی ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان امدادی سرگرمیوں میں ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے، ہمیں امید ہے کہ ترک قوم اس قدرتی آفت پر ہمت اور عزم کے ساتھ قابو پا لے گی۔