لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ملک الگ الگ انتخابات کا متحمل نہیں ہو سکتا، ذاتی رائے ہے کہ پورے ملک میں ایک ساتھ انتخابات ہونے چاہئیں۔
منگل کے روز احتساب عدالت لاہور میں پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی ریفرنس کی سماعت ہوئی جس میں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق نے عدالت پیش ہوکر حاضری مکمل کروائی۔
دوران سماعت نیب کے تفتیشی افسر نے استدعا کی کہ شریک ملزمان کا سپلیمنٹری چالان جمع کروانے کی مہلت دی جائے، عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 22 فروری تک ملتوی کردی۔
احتساب عدالت کے جج نے ریمارکس دیے کہ آئند سماعت پر ضمنی چالان نہ آیا تو بریت کی درخواستوں پر فیصلہ کر دیا جائے گا۔
پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پہلے بغیر کسی وجہ کے عمران خان نے اسمبلیاں توڑ دیں اب کہہ رہے ہیں الیکشن کرواؤ، جن لوگوں کے پاس کھانے کو روٹی نہیں، وہ الیکشن الیکشن نہیں کھیل سکتے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کوئی کھیل نہیں ہے، ملک پہلے ہی معاشی بحران کا شکار ہے، معاشی بحران بھی سیلاب کی طرح ہے جس نے پورے ملک کو لپیٹ میں لیا ہوا ہے، ہم الیکشن سے دوڑنا نہیں چاہتے، ہم نے بدترین حالات میں بھی الیکشن لڑا ہے، پی ڈی ایم کی کوئی جماعت الیکشن سے نہیں بھاگتی۔
سعد رفیق کا مزید کہنا تھا کہ مخصوص حالات میں پہلے بھی کئی بار ایسا ہوا کہ انتخابات آگے گئے ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم کو متحد ہونا چاہیے، پی ٹی آئی کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آل پارٹی کانفرنس میں شرکت کرنی چاہیے، دہشتگردی کے خلاف ایک پالیسی پر سب کو اکٹھا ہونا چاہیے۔