لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے ماسٹر پلان 2050ء کا نوٹیفکیشن معطل کرنے کے حکم میں توسیع کر دی۔
لاہور ہائی کورٹ میں لاہور ماسٹر پلان 2050ء کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، اس موقع پر ڈی جی ایل ڈی اے عامر احمد خان سمیت دیگر افسران عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے لاہور ماسٹر پلان کا ازسرِ نو جائزہ لینے کے لیے عالمی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کر دی۔
دوران سماعت جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ یہ 2050ء تک کا پلان ہے جو شہریوں پر اثر انداز ہوگا، افسوس کے ساتھ کہہ رہا ہوں کہ کھیت کھلیان ختم کر کے راتوں رات سوسائٹیاں بنا دی جاتی ہیں، شاندار سبز کھیتوں کو ختم کر کے ہاؤسنگ سوسائٹیاں بنائی جا رہی ہیں، کسانوں سے زمینیں چھین کر معیشت کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔
جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ پہلے کہتا تھا کہ یہ ہمارے مستقبل کا معاملہ ہے، آج جو آلودگی کی صورتِ حال ہے اس سے ہماری اور بچوں کی بقاء خطرے میں پڑ گئی ہے، ہم سب کو اس معاملے کا جائزہ لینا ہوگا، شہر جا کر دیکھیں اس کی اس وقت حالت کیا ہے، شہریوں کے بنیادی حقوق کا معاملہ سیاسی حکومت اور ایل ڈی اے پر نہیں چھوڑ سکتے۔
جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ ایسے ماحول میں ہماری زندگی کا گزارا کرنا مشکل ہو گیا ہے، مجھے دخل اندازی کرنے کا شوق نہیں مگر دل دکھتا ہے۔
بعدازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 2 ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔