اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملکی حالات کے پیش نظر ریلویز پولیس نے تمام ریلوے سٹیشنز، پلیٹ فارمز اور ٹرینوں کی سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا۔
آئی جی ریلویز کے احکامات کی روشنی میں تمام ڈویژنز کے ایس پیز کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے جبکہ سٹیشنز کے داخلی اور خارجی راستوں کی چیکنگ مزید بڑھائی جا چکی ہے۔
ریلوے سٹیشنز اور ٹرینوں کو بم ڈسپوزل سکواڈ، سپیشل برانچ کے ذریعے سرچ اور کلیئر کرنے کے احکامات سمیت غیر ضروری نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ریلویز پولیس کو ٹرینوں کے واش رومز اور حساس جگہوں کی تلاشی کو یقینی بنانے کے علاوہ ڈیوٹی پر مامور ملازمین کو نہایت الرٹ اور چوکنا ہو کر ڈیوٹی سرانجام دینے کا حکم دیا گیا ہے۔
دوسری جانب سنٹرل پولیس آفس ریلویز کے احکامات پر تمام ایس پیز نے ریلوے سٹیشنز کی سکیورٹی کو مزید سخت کر دیا ہے۔