سینیٹ گولڈن جوبلی تقریبات انتہائی سادگی سے منانے کا فیصلہ

Published On 25 February,2023 08:22 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے زیر صدارت سینیٹ ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سینیٹ گولڈن جوبلی تقریبات انتہائی سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں ڈپٹی چئیرمین مرزا آفریدی، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، نذیر تارڑ، فیصل سبزواری و دیگر پارلیمانی لیڈرز نے شرکت کی، اجلاس میں حکومتی کفایت شعاری مہم اور سینیٹ گولڈن جوبلی تقریب کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ سینیٹ گولڈن جوبلی تاریخی نوعیت کی حامل ہے، ضروری ہے کہ گولڈن جوبلی تقریبات میں تمام سیاسی قوتیں بھرپور شرکت کریں، سینیٹ کا خصوصی اجلاس 15، 16 اور 17 مارچ کو طلب کیا جا چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: روڈ سیفٹی کے عالمی پلان پر عملدرآمد یقینی بنانا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، صادق سنجرانی

صادق سنجرانی نے کہا کہ سینیٹ کے خصوصی اجلاس میں سابق سینیٹرز کو بھی مدعو کیا گیا ہے، ملک کی معاشی صورتحال کے پیش نظر تقریب کو سادہ اور پروقار طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا ہے، سینیٹ گولڈن جوبلی کی تقریبات چاروں صوبوں میں بھی شیڈول تھیں جو صرف پارلیمنٹ تک محدود کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ تقریب میں غیرملکی وفود کو بھی مدعو کیا گیا، مگر اتفاق رائے اس میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا، کمیٹی اراکین نے کہا کہ حکومتی خزانے پر بوجھ نہ ڈالا جائے، گزشتہ برس سینیٹ نے کفایت شعاری مہم کے تحت 40 کروڑ واپس جمع کرائے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کفایت شعاری مہم کے تحت قائمہ کمیٹیوں کے چئیرمینوں کے فیول کی مقدار میں کمی لائی جائیگی، صادق سنجرانی نے سینیٹ کے ملازمین کو موجودہ مالی سال میں کوئی اضافی اعزازیہ نہ دینے کا بھی فیصلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: سیاسی جماعتوں کی ایک دوسرے کیخلاف انتقامی کارروائیاں

صادق سنجرانی نے کہا کہ سینیٹ میں ایسے اقدامات اٹھارہے ہیں کہ اخراجات کم سے کم کر سکیں، اس موقع پر کمیٹی نے تجویز دی کہ پارلیمنٹیرینز کے تین ماہ کے لئے غیر ملکی دورں پر پابندی لگائی جائے۔
 

Advertisement