عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے پیش نظر پارٹی کی نئی حکمت عملی تیار

Published On 10 March,2023 12:02 pm

لاہور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے پیش نظر پارٹی نے نئی حکمت عملی تیار کر لی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی حکمت عملی کے تحت پی ٹی آئی نے جنوبی پنجاب اور خیبر پختونخوا سے بھی کارکنوں کو زمان پارک بلا لیا ہے جو کہ دن رات کے اوقات میں مرحلہ وار زمان پارک میں ڈیوٹی دیں گے، کم از کم 5 ہزار پارٹی کارکن زمان پارک کے باہر ہر وقت موجود رہیں گے۔

گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر متبادل پارٹی قیادت کا معاملہ بھی طے کر لیا گیا، گرفتاری کی صورت میں شاہ محمود قریشی پارٹی کے فیصلے کرنے میں بااختیار ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ممکنہ گرفتاری سے پہلے پارٹی ٹکٹوں کو فائنل کرنے کی بھی کوشش جاری ہے، اگلے ہفتے سے انتخابی جلسے شروع کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی، آئندہ 4 سے 5 روز میں دونوں صوبوں کی ٹکٹیں فائنل کر دی جائیں گی۔

ایک سیٹ پر ایک سے زائد امیدوار ہونے کی صورت میں دیگر امیدواروں کو بلدیاتی انتخابات اور حکومت عہدوں پر ایڈجسٹ کیا جائے، پارٹی کی مفاہمتی کمیٹی قائم کی جائے گی جو ایک سے زائد امیدواروں کے درمیان مفاہمت پیدا کرے گی۔

زمان پارک میں مزید کیمپ لگانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، عمران خان کی رہائشگاہ کے سامنے دو خالی پلاٹ اس مقصد کیلئے استعمال ہوں گے۔

Advertisement