لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ لندن میں بیٹھا بھگوڑا اتنا ڈرا ہوا ہے کہ کہتا ہے پہلے عمران خان کو جیل میں ڈالو پھر میں آؤں گا، نواز شریف قوم جو استقبال تمہارا اس بار کرے گی تمہارے ہوش و حواس اڑ جائیں گے۔
زمان پارک میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ مدینہ کی ریاست میں دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا انقلاب آیا تھا، مدینہ کی ریاست میں سب سے بڑی چیز پہلے خوف کو ختم کیا گیا، ہمارے پیارے نبی ﷺ نے پوری دنیا کی امامت کی۔
یہ بھی پڑھیں: ملکی ترقی اور جمہوریت کیلئے کسی سے بھی بات کرنے کو تیار ہوں، عمران خان
انہوں نے کہا کہ زمان پارک میں ایسے فورس آئی جیسے کشمیر فتح کرنے آ رہے ہیں، میں تو گرفتاری دینے کیلئے تیار بیٹھا تھا، یہ الیکشن سے ڈرے ہوئے ہیں کہ عمران خان اقتدار میں نہ آ جائے، میرے خلاف 85 کیسز بنا دیے گئے، یہ سینچری مکمل کریں گے، یہ مجھے جیل ڈالنے آئے تھے کیونکہ یہ لندن پلان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: قانون کی حکمرانی اور عملدرآمد پر یقین، 18 مارچ کو عدالت پیش ہوں گا، عمران خان
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ میرے گھر پر پولیس اور رینجرز نے ایسے حملہ کیا جیسے میں دنیا کا سب سے بڑا دہشتگرد ہوں، میں نے پاکستان کو شوکت خانم ہسپتال دیا، نمل، القادر جیسے ادارے دیے، 18 مارچ تک میری ضمانت تھی، 14 کو پولیس آئی، یہ 3 دن میرے ساتھ وہ کرنا چاہتے تھے جو انہوں نے شہباز گل، اعظم سواتی اور ضل شاہ کے ساتھ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: دعا ہے اللہ رب العزت قوم کو حقیقی آزادی سے آشنا کر دے، عمران خان
عمران خان نے کہا کہ میں گرفتاری دینے کیلئے تیار تھا کیونکہ میں اپنے لوگوں کو زخمی نہیں دیکھ سکتا لیکن تمام کارکنان میرے سامنے دیوار بن کر کھڑے ہو گئے، کارکنان نے کہا کہ ہم آپ کو گرفتار نہیں ہونے دیں گے یہ لوگ آپ پر تشدد کریں گے، آپ کو جیل میں زہر دے دیں گے، جس طرح وہ لڑکے کھڑے ہوئے میں ان کو سلام پیش کرتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی وارنٹ معطلی کی درخواست خارج
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ان کا پلان واضح ہے کہ عمران خان کو گرفتار کرو اور بلوچستان لے جاؤ، اور ایک کے بعد دوسرا کیس ڈال کر اسے جیل میں ہی رکھو اور پھر الیکشن کرواؤ، ان کا خیال ہے کہ عمران خان جیل میں ہوگا تو یہ الیکشن جیت جائیں گے، یہ ان کا منصوبہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ نے زمان پارک آپریشن روکنے کے حکم میں توسیع کر دی
انہوں نے کہا کہ ہمارا منصوبہ یہ ہے کہ اس بار ایک ایک ٹکٹ میں خود دوں گا، 2018ء کے ٹکٹس غلط بانٹے گئے تھے، ان میں بدنیتی بھی تھی اور کئی جگہوں پر پیسہ بھی چلا تھا، اس لیے اس بار ٹکٹس میں خود دے رہا ہوں، مجھے جدھر جدھر شک ہوا وہاں میں انٹرویوز کروں گا، میرا کوئی فیورٹ، دوست یا رشتہ دار نہیں، ٹکٹس صرف میرٹ پر دوں گا۔