اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ مشکل کی گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، امریکہ کی پاکستان کے ساتھ اکنامک گروتھ کی ایک تاریخ ہے۔
یو ایس ایڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفیر نے کہا کہ گزشتہ سال قدرتی آفت کے باعث پاکستان کیلئے کافی مشکل رہا، سیلاب متاثرہ علاقوں میں ابھی بھی صاف پانی اور خوراک کی ضرورت ہے، امریکی حکومت سیلاب متاثرین کیلئے 20 کروڑ ڈالرز فراہم کر رہی ہے۔
وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے پچھلے سال ایک تہائی ملک متاثر ہوا، ملک کی معیشت کو 31 ارب ڈالرز کا نقصان پہنچا، سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی و تعمیر نو کیلئے فوری طور پر 16 ارب ڈالرز کا تخمینہ لگایا گیا ہے، سیلاب سے ملک کے غریب علاقے زیادہ متاثر ہوئے۔
احسن اقبال نے مزید کہا حکومت نے سیلاب زدہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن کا آغاز کیا، بحالی کے مرحلے میں سب سے زیادہ مشکلات کا سامنا ہے، پہلی بار تاریخ میں ایسا ہوا کہ ہمارے پاس ترقیاتی بجٹ کے پیسے نہیں تھے، پبلک پرائیوٹ پاٹنرشپ کے ذریعے معیشت کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔