اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان بار کونسل نے سپریم کورٹ کے اختیارات کے حوالے سے قانون سازی کو قابل تحسین قرار دے دیا۔
پاکستان بار کونسل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے اختیارات کے استعمال سے متعلق قومی اسمبلی بل کو سراہتے ہیں، آرٹیکل 184(3) کے تحت سوموٹو دائرہ اختیار کے حوالے سے متاثرہ فریق کو اپیل کا حق ملنا چاہیے، پاکستان بار کونسل با رہا مطالبہ کرتی رہی ہے سوموٹو دائرہ اختیار کے حوالے سے معیار مرتب کیے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل 2023 قومی اسمبلی سے منظور
پاکستان بار کونسل کے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ موجودہ ترمیم کے ذریعے آرٹیکل 184(3) کے تحت مقدمات میں اپیل کا حق دستیاب ہو گا، مجوزہ مسودہ 19 مئی 2022 کو پاکستان بار کونسل کے وفد نے وزیر اعظم کے حوالے کیا تھا، سپریم کورٹ کے اختیارات پر اصلاحات وکلاء کا دیرینہ مطالبہ اور وقت کی ضرورت تھی۔