کراچی: آتشزدگی سے متاثرہ فیکٹری کی عمارت منہدم، 4 فائر فائٹرز جاں بحق

Published On 13 April,2023 05:39 am

کراچی : ( دنیا نیوز ) شہر قائد کے علاقے گبول ٹاؤن میں گزشتہ روز 2 فیکٹریوں میں آگ لگنے کے واقعہ میں متاثرہ ایک فیکٹری کی عمارت زمین بوس ہوگئی جس کے ملبے تلے دب کر 4 فائر فائٹرز جاں بحق ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے فائر فائٹرز میں محسن ، سہیل، خالد شہزاد اور افضال شامل ہیں۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ فیکٹری کے ملبے تلے دب کر 11 فائر فائٹرز سمیت 13 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

کے ایم سی کے فائر فائٹرز گزشتہ روز لگنے والی آگ بجھانے کے بعد کولنگ کے عمل میں مصروف تھے کہ رات گئے دوبارہ آگ لگ گئی، عمارت منہدم ہونے سے ایک فائر ٹینڈر اور ایک واٹر ٹینکر کو بھی نقصان پہنچا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری امدادی کاموں کا جائزہ لینے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں اور انہوں نے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو ہر ممکن طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت بھی کی ہے۔