لاہور: (دنیا نیوز) میٹھی عید کے دوسرے دن کو بھی شہریوں نے بھرپور طریقے سے منانے کا پلان بنا لیا، کہیں سیر سپاٹے تو کہیں دعوتوں کے دوران ہلے گلے کا پروگرام ہے۔
کل کے میزبان آج کے مہمان بنیں گے، گھروں میں لذیذ پکوان بنیں گے، مزے مزے کی ڈشوں سے مہمانوں کی تواضع ہوگی۔
بچوں نے کل بھی خوب سیر سپاٹے کئے، آج بھی موج مستی کریں گے، ممی پاپا کے ساتھ چڑیا گھر جائیں گے اور جو عیدی بچ گئی ہے اُسے اُڑائیں گے، ہاتھی، بندر اور پرندوں کے ساتھ خوب سیلفیاں بنائیں گے، پارکوں میں بھی جھولوں کے مزے لیں گے۔
عید ہے تو دوستوں کے ساتھ پارٹی تو بنتی ہے، نوجوان مل جل کر فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹس کا رخ کریں گے اور گپ شپ لڑا کر من ہلکا کریں گے، شام کو سینما گھروں کا ٹائم سیٹ بھی کر لیا ہے۔
خواتین کا بھی اپنی سہیلیوں کے ساتھ گھومنے کا پروگرام ہے، بڑے بزرگ بھی اپنی منڈلیاں لگائے بیٹھے ہیں اور اپنی دلچسپیوں میں مگن ہیں۔