اسلام آباد: (دنیانیوز ) چیئرمین سینیٹ نے مذاکرات پرخصوصی کمیٹی کے تشکیل کیلئے حکومت اور اپوزیشن سے چار چار نام مانگ لئے۔
چیئرمین سینیٹ نے کمیٹی ارکان کیلئے حکومت اور اپوزیشن کو خط لکھے ہیں ، خط میں صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ دس رکنی کمیٹی قائد ایوان اور اپوزیشن لیڈرکی مشترکہ کنوینئرشپ میں کام کرے گی ، حکومت اور اپوزیشن 2 روز میں اپنے اپنے نام بھجوا دیں۔
صادق سنجرانی نے کہا کہ عام انتخابات اورسیاسی و معاشی بحران پر سیاسی مذاکرات کا آغازکیا جا رہا ہے، پارلیمنٹ ہی سیاسی مسائل کےحل کا حق رکھتی ہے اور واحد فورم ہے،سینیٹ سیکرٹریٹ خصوصی کمیٹی کواس کے کاموں میں سہولیات فراہم کرےگا، موجودہ سیاسی اور معاشی صورتحال بالخصوص سیاسی قوتوں کے درمیان انتشار کو ظاہر کرتی ہے آئیے ہم سب مل کر پاکستان کیلئے متحد ہوجائیں ۔
سینیٹ میں قائدحزب اختلاف کا چیئرمین سینیٹ کوخط
دوسری جانب سینیٹ میں قائد حزب اختلاف ڈاکٹرشہزاد وسیم نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو خط لکھا ہے جس میں ان کاکہنا تھا کہ آپکا خط ملا جس میں حکومت اوراپوزیشن کے مذاکرات کیلئے کمیٹی کی نامزدگی مانگی گئی ہے ، چیئرمین پی ٹی آئی نےمذاکرات کیلیے اعلیٰ سطح کی 3 رکنی کمیٹی تشکیل دےدی ہے۔
پی ٹی آئی نے شاہ محمود قریشی،فواد چوہدری اورعلی ظفرکو نامزد کیا ہے ،آپ حکومت کو تحریک انصاف کی نامزد کمیٹی کے بارے میں آگاہ کریں۔
خط میں کہا گیا کہ تحریک انصاف کی کمیٹی حکومت سے سپریم کورٹ کی ہدایت پرانتخابات سے متعلق مزاکرات کرے گی،اگرحکومت مخلص ہے توسپریم کورٹ کے سامنے اپنی تجاویزاورمذاکرات کے لئے تفصیلات دے۔