اسلام آباد : ( دنیا نیوز ) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما اور ماہر قانون ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ لوگ اس وقت عدلیہ پر حملہ آور ہیں اور جو لوگ عدلیہ پر حملہ کر رہے ہیں وہ دو جرائم کر رہے ہیں، ایک وہ آئین توڑ رہے ہیں اور دوسرا توہین عدالت کر رہے ہیں، عدلیہ نے جسٹس منیر کی بجائے جسٹس کارنیلیئس بننے کو ترجیح دی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں اس سے پہلے اتنی بڑی تعداد میں لوگ گرفتار نہیں ہوئے جتنے اس فاشسٹ حکومت نے پچھلے 11 ماہ میں کیے، اسلام آباد کی 61 سالہ تاریخ میں اتنا ظلم آج تک اسلام آباد کے رہائشیوں پر نہیں ہوا جو اس امپورٹڈ حکومت نے کیا۔
معروف ماہر قانون کا کہنا تھا کہ کوئی عہدہ ایسا نہیں بچا جس پر حملہ نہ ہوا ہو اور اس کا میں نے دفاع نہ کیا ہو، نامعلوم افراد نے لاتعداد لوگوں کے گھروں پر چھاپے مارے، جو لوگ جیل گئے اور اس ظلم کا سامنا کیا ان کو سلام پیش کرتے ہیں۔
ڈاکٹر بابر اعوان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے لیے جو جذبہ دیکھا ہے ویسا کبھی نہیں دیکھا، عمران فیکٹر کے لیے کچھ ایسے بچے بچیاں مجھے ملتے ہیں جو کہتے ہیں ہم عمران خان کے لیے جان دینے کے لیے تیار ہیں، عمران خان کا دور قریب ہے، تبدیلی آ نہیں رہی تبدیلی آگئی ہے، پاکستان تحریک انصاف کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نگران وزرائے اعلیٰ اور گورنرز کے خلاف ہائی ٹریزن کے تحت مقدمات چلانے چاہیں۔