اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت خارجہ میں پاکستان، چین اور افغانستان کا سہ فریقی اجلاس ہوا جس میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو، چینی وزیر خارجہ چن گانگ اور افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی نے شرکت کی۔
اسلام آباد میں ہونے والے پانچویں سہ فریقی وزرائے خارجہ اجلاس کی میزبانی پاکستان نے کی، اجلاس میں افغانستان کے اقتصادی، مالیاتی مسائل، قیام امن، شہری حقوق کی بحالی، تعلیم، صحت، خوراک اور پابندیوں سمیت دیگر مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور چین کا سٹریٹیجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
چینی وفد کی قیادت چینی وزیر خارجہ چن گانگ، نائب وزیر خارجہ سن وی ڈونگ نے کی، پاکستان کی جانب سے وزیر خارجہ بلاول بھٹو، وزیر مملکت حنا ربانی، سیکرٹری خارجہ اسد مجید خان اور افغانستان ڈیسک کے حکام شریک ہوئے، افغان وفد کی قیادت افغان وزیر خارجہ ملا امیر خان متقی نے کی۔
اجلاس سے قبل افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی وفد کے ہمراہ وزارت خارجہ پہنچے، بلاول بھٹو زرداری نے افغان وزیر خارجہ کا استقبال کیا، وزارت خارجہ میں افغانستان اور چین کے وفود کیلئے ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں انسداد دہشت گردی اور تجارت پر نتیجہ خیز بات چیت ہوئی۔