لاہور : (دنیانیوز) معروف پاکستانی نژاد امریکی شہری اور دنیا میڈیاگروپ کے ایڈوائزر شاہد احمد خان کو امریکی صدر جوبائیڈن کی مشاورتی کمیٹی برائے آرٹس میں شامل کر لیا گیا۔
امریکا کے صدر جو بائیڈن نے مشاورتی کمیٹی کے مختلف بورڈز اور کمیشنزمیں نئی تقرریاں کی ہیں ، جن میں شاہد احمد خان نے بھی بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
شاہد احمد خان کو امریکا میں کمیونٹی لیڈر کی حیثیت سے مسلمانوں کی فلاح اور ترقی کیلئے انتھک محنت کرنے پر امریکی صدر جوبائیڈن کی مشاورتی کمیٹی برائے آرٹس میں شامل کیا گیا ہے ۔
شاہد احمد خان امریکی اقدار اور اصولوں کی وکالت کرتے ہیں ، وہ ڈیموکریٹک سینیٹری مہم کمیٹی کے ٹرسٹی، ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی کے ایڈوائزری بورڈ کے رکن اور جان کیری کی 2004 کی صدارتی مہم کیلئے نیشنل فائنانس کے شریک چیئر مین کے طور پر بھی اہم کردار ادا کر چکے ہیں۔
شاہد احمد خان نے بائیڈن کی صدارتی مہم کے دوران جنوبی ایشیائی اور امریکی کمیونٹی کو متحرک کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے ۔
اس حوالے سے صدارتی مشاورتی کمیٹی برائے آرٹس ( پی اے سی اے) کے ایک نمائندے کا کہنا تھا کہ شاہد خان کو امریکی صدر کی مشاورتی کمیٹی برائے آرٹس میں شامل کرنا فخر کی بات ہے۔