لاہور:(دنیانیوز) منی لانڈرنگ کیس میں سیشن کورٹ نے وفاقی وزیر مونس الہٰی کی اہلیہ سمیت 8 ملزمان کی عبوری ضمانت میں 30مئی تک توسیع کردی ۔
سیشن کورٹ میں مونس الہیٰ کی اہلیہ سمیت دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ اور 800 ملین روپے کی مشکوک بینک ٹرانزیکشنز کیس کی سماعت ہوئی، ایڈیشنل سیشن جج غلام رسول نے ضمانتوں پر سماعت کی ، مونس الہی کی اہلیہ سمیت دیگر ملزمان عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر عدالت میں پیش ہوگئے ، زارا الٰہی اور تحریم الٰہی عدالت میں پیش ہوئے اور حاضری لگائی۔
عدالت نے مونس الٰہی کی اہلیہ سمیت ملزمان کی عبوری ضمانت میں 30 مئی تک توسیع کا حکم جاری کر دیا ۔
عدالت میں راسخ الہٰی بوجہ طبیعت ناسازی عدالت میں پیش نہ ہوئے اور حاضری معافی کی درخواست دائر کی، عدالت نے راسخ الہیٰ کی ایک روز کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی ۔
عدالت نے ایف آئی اے کے تفتیشی کوجلد تفتیش مکمل کرنے کا حکم دیدیا۔
ملزمان کے خلاف ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کر رکھا ہے۔