اسلام آباد: (دنیانیوز) 190 ملین پاؤنڈز کی غیر قانونی منتقلی کے سکینڈل میں نیب راولپنڈی نے سابق وفاقی وزراء کے اثاثوں کا ریکارڈ طلب کر لیا۔
نیب راولپنڈی نے تمام صوبوں کے ایکسائز سیکرٹریز کو 22 سیاسی رہنماؤں کے نام گاڑیوں، گھروں ، پلاٹس اور زمینوں کا ریکارڈ فراہم کرنے کیلئے مراسلے جاری کر دیے ہیں۔
نیب نے شیخ رشید احمد، پرویز خٹک، عمر ایوب، حماد اظہر، مراد سعید، اسد عمر اور فواد چودھری کے اثاثوں کا ریکارڈ مانگ لیا ہے۔
نیب نے اعظم سواتی، علی زیدی، فیصل واوڈا، علی امین گنڈا پور، شفقت محمود، غلام سرور اور شیریں مزاری کے نام جائیدادوں کا بھی ریکارڈ طلب کیا ہے۔
نیب کی جانب سے خالد مقبول صدیقی، فروغ نسیم، خسرو بختیار، اعجاز احمد شاہ سمیت دیگر کے نام جائیدادوں کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں، نیب راولپنڈی نے 22 سابق وفاقی وزراء اور کابینہ ممبران کے نام اور ٹرانسفر گاڑیوں کا ریکارڈ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
نیب نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 2018 سے اب تک سابق وفاقی وزراء نے جتنی گاڑیاں خریدیں یا فروخت کیں تمام کا ریکارڈ فراہم کیا جائے۔
یاد رہے کہ نیب سابق وزراء اور کابینہ ممبران سمیت دیگر کیخلاف 190 ملین پاونڈز کی غیر قانونی منتقلی کی تحقیقات کر رہا ہے۔