مظفرآباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر ہندوستانی جارحیت کی شدید مذمت کی۔
چودھری انوار الحق نے کہا کہ نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، ایل او سی پر جارحیت بھارت کی مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ، 2 شہری شہید، 1 زخمی
وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ عالمی برادری ہندوستان کی جارحیت کا نوٹس لے، انہوں نے ہندوستانی جارحیت سے شہید ہونے والے افراد کو خراج عقیدت پیش کیا اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔
چودھری انوار الحق نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر آباد شہری ہندوستانی جارحیت سے ڈرنے والے نہیں، لائن آف کنٹرول پر آباد شہری پاک فوج کے شانہ بشانہ دفاع وطن کے لیے برسر پیکار ہیں۔