بھارت امریکا بیان: امریکی ڈپٹی چیف آف مشن کی دفتر خارجہ طلبی، تحفظات کا اظہار

Published On 26 June,2023 11:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے بھارتی وزیر اعظم اور امریکی صدر کے مشترکہ بیان کے معاملے پر امریکی ڈپٹی چیف آف مشن کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکی ڈپٹی چیف آف مشن کو وزارت خارجہ میں طلب کر کے 22 جون کو جاری ہونے والے بھارت امریکا مشترکہ بیان کے حوالے سے آگاہ کیا گیا، مشترکہ بیان میں پاکستان کے بارے میں غیرضروری، یک طرفہ اور گمراہ کن حوالوں پر تحفظات سے امریکا کو آگاہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا ایسے بیانات جاری کرنے سے گریز کرے جو پاکستان کیخلاف بھارت کے بے بنیاد اور سیاسی طور پر محرک بیانیے کی حوصلہ افزائی کے طور پر سمجھے جائیں، پاکستان اور امریکا کے درمیان انسداد دہشتگردی میں تعاون بہتر طور پر آگے بڑھ رہا ہے، پاکستان اور امریکا کے درمیان اعتماد اور افہام و تفہیم پر مرکوز ماحول دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے کیلئے ناگزیر ہے۔