اے این ایف کا عالمی یوم انسداد منشیات و ترسیل پر آگاہی سرگرمیوں کا انعقاد

Published On 26 June,2023 10:28 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اے این ایف پاکستان نے عالمی یوم انسداد منشیات و ترسیل پر ملک بھر میں منشیات سے آگاہی سرگرمیوں کا انعقاد کیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان نے منشیات سے آگاہی سرگرمیوں پر مبنی غیر معمولی نوعیت کی ملک گیر مہم چلا کر قومی جوش و جذبے کے ساتھ بین الاقوامی یوم انسداد منشیات وترسیل منایا۔

اے این ایف نے وفاقی اور تمام صوبائی دارالحکومتوں کے علاوہ ملک کے چھوٹے و بڑے شہروں میں انسداد منشیات کی مہم کا انعقاد کیا، جس کا مقصد منشیات کے استعمال کے نقصانات سے متعلق عوام الناس میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔

اس ضمن میں اے این ایف نے مختلف سٹیشنز پر منشیات سے آگاہی کی واکس منعقد کیں جس میں خصوصی طور پر اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں خصوصی واک کا اہتمام کیا گیا، اس تقریب میں تما م شعبہ ہائے زندگی کے لوگ شامل ہوئے، جس میں زیادہ تر نامور شخصیات، این جی اوز، میڈیا کے نمائندگان، طلباء، اساتذہ،سرکاری افسران و ملازمین، اے این ایف یوتھ ایمبیسڈرز اور سول سوسائٹی کے لوگ شامل تھے۔

ڈی جی اے این ایف میجر جنرل محمد انیق الرحمان ملک، ہلال امتیاز (ملٹری) کی ہدایات کے مطابق ہر سٹیشن پر ہونے والی مہم کو خصوصی طور پر نوجوان نسل پر توجہ مرکوز کرنے کے مطابق تشکیل دیا گیا۔

اس موقع پر حتی الامکان کوشش کی گئی کہ زیادہ سے زیادہ طلبا، اساتذہ اور والدین کو ایک جگہ پر جمع کر کے انسداد منشیات کے سلسلے میں ان کی ذمہ داریوں کے متعلق آگاہی دی جائے، اس مہم کو موثر بنانے کے لئے اے این ایف کے یوتھ ایمبیسڈرز کی تعیناتی کو اس طرح یقینی بنایا گیا کہ یہ اپنے ہم عمرنوجوانوں کو منشیات کے استعمال سے آگاہی کا پیغام احسن طریقے سے پہنچا سکیں۔

اے این ایف کے ریجنل ڈائریکٹوریٹس کمانڈرز اور منتخب نمائندوں نے اختتامی تقریب کے دوران اپنی تقاریر میں شرکاء کومنشیات سے آگاہی کے بارے میں روشناس کیا۔

شہریوں اور واک کے شرکاء میں منشیات سے آگاہی کے پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئے، متعلقہ شہروں میں منشیات سے متاثرہ علاقوں میں بھی آگاہی بروشر تقسیم کرنے کے خصوصی اقدامات کئے گئے۔

یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ اے این ایف نے منشیات کے خلاف خصوصی سماجی اقدامات میں اضافہ کیا ہے، اے این ایف کی موجودہ منشیات کی طلب میں کمی کے لائحہ عمل میں نوجوان نسل پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ بچے منشیات اور دیگر خطرات سے پاک پرورش پا کر معاشرے کے صحت مند اور سود مند شہری بن سکیں۔