پاکستان اور قازقستان کا ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق

Published On 26 June,2023 09:32 pm

آستانہ: (دنیا نیوز) پاکستان قازقستان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا دوسرا دور آستانہ، قازقستان میں منعقد ہوا جس میں ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا۔

ایڈیشنل سیکرٹری سید احسن رضا شاہ نے پاکستان کی قیادت کی، قازقستان کی جانب سے جمہوریہ قازقستان کے نائب وزیر برائے خارجہ امور نے قیادت کی۔

ملاقات میں سیاسی و سفارتی، تجارتی، اقتصادی روابط، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافت کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بات چیت کی گئی، دونوں فریقین نے علاقائی اور عالمی اہمیت کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان سٹاف لیول معاہدہ کل ہونے کا امکان

دونوں فریقین نے ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا، دونوں ممالک کے درمیان رابطے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا، اگلے ماہ کے اوائل میں شروع ہونے والی براہ راست پروازوں کی بحالی کا خیرمقدم کیا۔

اس موقع پر پاکستان اور قازقستان نے باہمی دلچسپی کے نئے شعبوں کی نشاندہی کی اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔