لاہور : (دنیانیوز) ملک کے مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 5افراد جاں بحق جبکہ سات زخمی ہوئے ہیں ۔
ٹریفک حادثات پنجاب کے شہربورے والا، فیصل آباد اور سندھ کے شہر کراچی میں پیش آئے ہیں ۔
پنجاب کے شہر بورے والا میں دو ٹریفک حادثات کم عمر ڈرائیورز کی وجہ سے پیش آئے ، چیچہ وطنی روڈ پر تیزرفتار کار نے موٹر سائیکل سوار باپ بیٹا پر گاڑی چڑھا دی جس کے نتیجے میں باپ بیٹا جاں بحق ہوگئے، کم عمر کار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا ۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق بورے والا کینال روڈ پر کم عمر کار ڈرائیور نے پانچ افراد کو روند ڈالا، پانچوں افراد کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جن میں سے دو کی حالت نازک ہے ۔
فیصل آباد میں ستیانہ روڈ پر ٹرک اور رکشے میں تصادم کے نتیجے میں رکشہ سوار دو افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں اظہر اور شاہد شامل ہیں، حادثے کا مرتکب ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔
ایک اورحادثہ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پیش آیا ہے جہاں ناردرن بائی پاس پر ٹرک کی ٹکر سےرکشہ ڈرائیورجاں بحق ہوگیا جبکہ 2افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔