پاکستان سندھ طاس معاہدے کے نفاذ کیلئے پرعزم، بھارت بھی عمل کرے: دفتر خارجہ

Published On 06 July,2023 09:18 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاک بھارت آبی تنازعات پر عالمی ثالثی عدالت ہیگ کے فیصلے پر حکومت کا رد عمل بھی سامنے آ گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بیان میں کہا ہے کہ حکومت پاکستان کو ثالثی کی عدالت کا ایوارڈ موصول ہوا ہے، یہ ایوارڈ اس عدالت کی اہلیت اور فریقین کے درمیان تنازعات پر آگے بڑھنے کا راستہ ہے، یہ کشن گنگا، رتلے ہائیڈرو الیکٹرک پراجیکٹس پر پاکستان و بھارت اور سندھ طاس معاہدے کی تشریح اور اطلاق کے وسیع تر سوالات پر پیش رفت کا راستہ ہے، عدالت نے اس پر اہلیت کو برقرار رکھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی محاز پر بھارت کیخلاف پاکستان کو بڑی کامیابی مل گئی

ممتاز زہرا بلوچ نے مزید کہا ہے کہ عدالت نے طے کیا ہے کہ اب وہ تنازعات کے مسائل کو حل کرنے کیلئے آگے بڑھے گی، سندھ طاس معاہدہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پانی کی تقسیم کا ایک کلیدی معاہدہ ہے، پاکستان تنازعات کے حل کے طریقہ کار سمیت معاہدے کے نفاذ کیلئے پوری طرح پرعزم ہے، امید ہے کہ بھارت بھی نیک نیتی کے ساتھ معاہدے پر عمل درآمد کرے گا۔