سکھر: سینئر صحافی جان محمد مہر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق

Published On 14 August,2023 01:58 am

سکھر: (دنیا نیوز) سکھر پریس کلب کے سابق صدر اور سینئر صحافی جان محمد مہر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے۔

جان محمد مہر آفس سے گھر جا رہے تھے کہ گھات لگائے مسلح افراد نے فائرنگ کر دی، انہیں شدید زخمی حالت میں قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے، ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

واقعے کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے حادثے کا مختلف پہلوؤں سے جائزہ لیا، پولیس نے لاش قبضے میں لے کر مقدمہ درج لیا اور قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سینئر صحافی جان محمد مہر کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس صحافی جان محمد مہر کے قتل کے ذمہ داروں کو فی الفور کیفرکردار تک پہنچائے۔

سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ صحافی جان محمد مہر کی دو دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط صحافتی خدمات قابل قدر ہیں، جان محمد مہر سکھر کی ایک توانا آواز تھے، ان کی غیرجانبدارانہ رائے ملک بھر کے سنجیدہ حلقوں میں اثر رکھتی تھی۔