کراچی: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر کی زیر صدارت نگران صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وزرا، نئے چیف سیکرٹری ڈاکٹر فخر عالم، چیئرمین پی اینڈ ڈی حسن نقوی، سیکرٹری رحیم شیخ، فنانس سیکرٹری ندیم میمن اور سیکرٹری قانون نے شرکت کی۔
اجلاس میں کچے سے ڈاکوؤں کا خاتمہ کرنے، مذہبی ہم آہنگی کیلئے کام کرنے، شہر قائد میں سٹریٹ کرائم کے خاتمے کیلئے اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اس کے علاوہ ڈونر ایجنسیز کی مدد سے چلنے والے پراجیکٹس پر کام تیز کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔
صوبائی کابینہ نے کے فور پراجیکٹ پر کام تیز کرنے، منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن کرنے، کراچی میں ٹریفک انتظامیہ کو مزید بہتر کرنے کا فیصلہ کیا، اجلاس کے دوران وزراء نے بھی عوام کیلئے سہولیات پیدا کرنے کے حوالے سے اپنی تجاویز دیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ صوبے میں سیلاب کے بعد شدید غربت کا عالم ہے، غربت کے خاتمے کیلئے مختصر عرصے میں جو کر سکتے ہیں وہ کریں گے، حکومت کے اقدامات بہتر ہونے چاہئیں تاکہ لوگ حکومت پر اعتبار کریں۔
جسٹس (ر) مقبول باقر نے مزید کہا کہ ہمیں امن و امان کے مسئلے کا سامنا ہے اسے بہتر کرنا ہے، جاری ترقیاتی کاموں کو وقت پر مکمل کریں، پولیس، صحت، ریونیو اور بلدیاتی حکومت کے دفاتر میں عوام کیلئے آسانی پیدا کی جائے، جو لوگ آئیں ان کے مسائل حل ہونے چاہئیں۔
نگران وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا ہے کہ ہمیں الیکشن کمیشن کے ساتھ بھرپور تعاون کرنا ہے تاکہ وہ اپنا کام کر سکیں، وزراء کو کوئی غلط کام کرنے کا کہے تو بالکل نہ کریں، کوئی غیر ضروری دباؤ ڈالے تو میں اپنے وزراء کے ساتھ ہوں۔